امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستیں شدید برفانی طوفان کے باعث سخت سردی اوریخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں جب کہ شدید سردی کے باعث اب تک 2افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ آنے والے چوتھے برفانی طوفان نے مشرقی اورجنوبی ریاستوں کو منجمد کردیا، سڑکوں پربرف کے انبارہیں، گھراور گاڑیاں برف سے پوری طرح ڈھک چکی ہیں، بجلی کانظام متاثرہے جبکہ 1700 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ریاست ارکنسو میں طوفان کے بعدژالہ باری اوربرفباری نے شہر کا نظام بری طرح متاثر کیا۔ ارکنسو کے شمالی حصوں میں15سینٹی میٹرسے زائدبرف پڑی جس کے بعد طوفان نے ریاست کے شمال مغربی حصوں کا رخ کرلیا۔ میساچوسٹس کے شہر بوسٹن میں ریکارڈبرفباری کے بعدبرف ہٹانے کاکام جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بوسٹن میں جنوری کے آخری ہفتے میں6فٹ برف پڑی جبکہ گزشتہ ہفتے30 سینٹی میٹربرفباری ہوئی۔ جمعرات تک مزید21 انچ تک بڑف پڑنے کاامکان ہے۔ سخت سردی کے باعث اب تک2افرادکی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔