نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں اگلے ماہ فروری میں طے شدہ شادی سے پہلے لڑکی کی ماں اور لڑکے کا باپ فرار ہو گئے جس کے بعد شادی موخر کر دی گئی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک سال سے منگنی شدہ جوڑے کی شادی رواں سال فروری میں طے تھی۔
جوڑے کی خوشیاں اس وقت سوگ میں بدل گئیں جب انہیں معلوم ہوا کہ لڑکی کی ماں اپنی بیٹی کے ہونے والے سسر یعنی لڑکے کے باپ کے ساتھ بھاگ گئی ہے۔مقامی افراد کے مطابق دونوں خاندان آپس میں ہمسائے تھے اور جوڑے کے ماں باپ ایک دوسرے کو اسکول سے جانتے تھے، فرار ہونے والوں سے متعلق ان کے ہمسائے خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ دونوں ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے اسی لیے ایک ہی سوسائٹی میں رہائش پذیر بھی تھے۔ فرار ہونے والوں سے متعلق ان کے ایک خاندان کے فرد کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے تعلقات چل رہے تھے اور اس قسم کی شکایات ہمیں دیگر لوگوں نے بھی کی تھیں۔اس واقعے پر پولیس کا کہنا تھا کہ بھاگنے والا 48 سالہ لڑکے کا باپ اور 46 سالہ لڑکی کی ماں دونوں 10 دن سے لا پتہ ہیں، فرار ہونے والی خاتون کا میاں ڈائمنڈ جیولری بنانے کا کام کرتا ہے جبکہ دولہے کا باپ کپڑے کے کاروبار کے ساتھ پراپرٹی ڈیلر بھی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں کے فرار ہونے سے متعلق شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔