بارسلونا (این این آئی)منشیات کے سمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں، لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔سپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریباً ایک پاؤنڈ کوکین اپنی وگ میں چھپائی رکھی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کو سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے سمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پاؤنڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔پولیس نے اسے آپریشن ٹوپی ( Toupee) یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے۔ سمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا۔گرفتار ہونے والے 65 سالہ سمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے-سپین کے جنوبی امریکہ اور خصوصاً کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، سپین کو یورپ میں کوکین کی سمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔سمگلر کوکین کی سمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی سمگلروں کو گرفتار کیا۔واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق سپین یورپی یونین میں کوکین استعمال کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آتا ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ کا پہلا نمبر ہے اور اس کے بعد ہالینڈ، ڈنمارک، فرانس اور آئر لینڈ آتے ہیں۔