ٹیکساس (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں پولیس نے ٹریفک جرائم سے نمٹنے کے لیے گتے سے بنے ہوئے سپاہی تعینات کردئیے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کار سواروں کو تیز رفتاری سے روکنے کے لیے انوکھا اقدام اُٹھایا گیا ہے۔ سڑک کے کنارے گتے کے سپاہی کھڑے کردئیے گئے، جنہوں نے ہاتھوں میں رفتار چیک کرنے والے آلات پکڑے ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کار سوار جب دور سے مصنوعی ٹریفک اہل کار کو دیکھتے ہیں تو وہ اسے اصلی پولیس اہلکار سمجھ کر کار کی
رفتار کم کرلیتے ہیں۔ اس منصوبے کو کامیاب آزمائش کے بعد متعارف کرایا گیا ہے جو کہ پولیس نفری میں کمی کے باعث کارگر ثابت ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل دو شہریوں نے ٹریفک پولیس اہل کار کے ایک کٹ آؤٹ پوسٹر کو رشوت دی اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار دوستوں کو عوامی املاک اور محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا، تاہم بعد میں دونوں کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔