واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست ایریزونا کے ڈاکٹرز اس وقت حیرت میں مبتلا ہوگئے جب ایک عشرے سے کوما کی حالت میں رہنے والی خاتون کے بطن سے بچے کی پیدائش ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے دارالحکومت فینکس کے قریب واقع ہیسینڈا ہیلتھ کیئر کلینک میں زیر علاج ایک خاتون کے بطن سے بچے نے جنم لیا ہے اور مذکورہ خاتون ایک دہائی سے سکتے میں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے خاتون کے بطن سے بچے کی پیدائش کے معاملے پر جنسی تشدد کی تحقیقات کررہی ہے۔ ہیسینڈا ہیلتھ کیئر کی جانب سے اس دل دہلا دینے والے واقعے پر کوئی تفصیل یا وضاحت پیش کی گئی ہے تاہم وہ ’اس حیران و پریشان کن واقعے‘ سے آگاہ ہیں۔ کلینک کی جانب سے بچے کو جنم دینے والی خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، البتہ ان کا کہنا ہے کہ 29 دسمبر کو پیدا ہونے والا بچہ بلکل صحت مند اور تندرست ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون صبح شام انتہائی نگداشت میں تھی اور متعدد افراد کی رسائی خاتون تک تھی۔ خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ کلینک کے عملے کو خاتون کے حاملہ ہونے کا علم نہیں تھا، بچے کی ولادت کے بعد معلوم ہوا کہ زیر علاج خاتون حاملہ تھی۔ ہیسینڈا ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم واقعے کی سچائی تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں، اس سے قبل ہمارے ساتھ ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہے تاہم پولیس معاملے کی مزید تفتیش بتانے سے گریز کررہی ہے۔