وارسا (مانیٹرنگ ڈیسک) پولینڈ کے جنوب مغربی علاقے میں خزانہ تلاش کرنے والوں نے اس مقام کی کھدائی کا کام شروع کردیا جہاں ان کے خیال میں نازی دور کی چوری شدہ جواہرات اور ہتھیاروں سے لدی ٹرین چھپی ہوئی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خزانے کی تلاش کرنے والی ٹیم کے ترجمان آندرے گائیک نے صحافیوں کو بتایاکہ ہمیں ایک ریلوے ٹریک ملا ہے جو شاید ریلوے سرنگ تک جاتا ہے اور اگر کوئی سرنگ موجود ہے تو وہاں ٹرین بھی ہونی چاہیے۔ پولینڈ کے پیوٹر کوپر اور
جرمنی کے اینڈیاس رچر کا کہنا ہے کہ زیر زمین کھوج لگانے والے ریڈار کے تنائج خاصے حوصلہ افزا تھے۔تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے کوئی شواہد موجود نہیں ہے کہ یہ مشہور ٹرین یہاں موجود ہے۔واضح رہے کہ دوسری جنگ کے وقت سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں لوٹے ہوئے سامان اور اسلحے سے لدی ہوئی ٹرین سرنگوں کے ایک کمپلیکس میں غائب ہوگئی تھی، یہ سرنگیں نازیوں نے ایک خفیہ فوجی منصوبے کے تحت تعمیر کی تھی تاہم یہ منصوبہ کبھی مکمل نہیں ہوسکا۔