اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپین میں حضرت عیسیٰ ؑ کے مجسمے کے اندر سے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایسی تحریر ملی ہے جو کہ صدیوں پرانی ہے، تفصیلات کے مطابق میل آن لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ حیران کن دریافت سپین میں کی گئی ہے جہاں حضرت عیسیٰؑ کے ایک قدیم مجسمے کے اندر
سے ہاتھ سے لکھی ایسی تحریر ملی ہے جو کم از کم تین صدیاں پرانی ہو گی، اس مجسمے سے برآمد ہونے والے کاغذ پر سال 1777ء کی تاریخ درج ہے اور اسے لکھنے والے کا نام جاؤ کن منگیز درج کیا گیا ہے جو کہ اس دور میں کتھیڈرل آف برگوڈی اوسما کے پادری تھے۔ اس رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ مجسمے سے برآمد ہونے والی تحریر میں اس دور کے ہسپانیہ کی سیاست، معیشت اور ثقافت کو انتہائی خوبصورت انداز سے چندسطروں میں سمویا گیا ہے۔ اس تحریر میں قدیم ہسپانیہ کی معیشت کے حالات، سیاسی و مذہبی معاملات، مشہور لوگوں اور دیگر اہم موضوعات کا تذکرہ کیا گیا ہے، اس دو صفحات پر مبنی تحریر میں اس دور کی بچوں کی پسندیدہ کھیلوں اور ملک کے مشہور بل فائٹرز کا بھی تذکرہ موجود ہے۔ اس تحریری نسخے پر تحقیق کرنے والے ڈاونچی رستارون کا کہنا ہیکہ یہ تحریر ایک ٹائم کیپسول کی طرح ہے جس میں تین صدیوں قبل کے یورپ کے حالات کی جھلکیاں موجود ہیں، یہ حیران کن تحریری نسخہ سانتا اگوڈا کے چرچ میں دریافت ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق اس تحریر کو مجسمے کے پچھلے حصے کو کھوکھلا کرکے اس کے اندر چھپایا گیا تھا۔