اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو کی رہائشی سلوی نامی خاتون کے دماغ سے زندہ لال بیگ برآمد، ڈاکٹراورسننے والوں کے ہوش اڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک خاتون کے سر سے زندہ لال بیگ برآمد ہوا جس پر خود ڈاکٹر بھی حیران ہیںجب کہ جس نے بھی سنا اس کے ہوش اڑ گئے ہیں۔بھارتی ریاست تامل ناڈو کی رہائشی 42 سالہ
سلوی نامی خاتون کا کہنا تھا کہ انہیں رات کو نیند کے دوران اپنے دائیں نتھنے میں کوئی کیڑا رینگتا ہوا محسوس ہوا تھا جس پر وہ پہلے سمجھیں کہ شاید یہ سردی کی وجہ سے ہے لیکن بعد میں انہیں سر میں کسی چیز کے سرسرانے کا احساس ہوا اور وہ خوفزدہ ہوکر صبح اسپتال پہنچیں۔ خاتون نے بتایا کہ انہیں یقین تھا کہ ان کے سر میں کوئی کیڑا گھس گیا ہے اور جب جب وہ ہلتا ہے ان کی آنکھوں میں شدید جلن محسوس ہوتی ہے۔ ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی سے جائزہ لیا جس پرانہیں لال بیگ کی دو مونچھیں (اینٹینا) ہلتی محسوس ہوئیں۔ڈاکٹر نے بتایا کہ خاتون کے سر میں ایک بڑا اور زندہ لال بیگ ہے جو باہر نکلنا نہیں چاہتا۔ ڈاکٹروں کے مطابق لال بیگ کھوپڑی کی بنیاد میں پھنسا ہوا ہے جہاں بھیجا اور آنکھیں ملتی ہیں۔اس کے بعد ڈاکٹروں نے لال بیگ نکالنے کے لیے ہوا کھینچنے والے ویکیوم آلات اور طرح طرح کے آنکڑے استعمال کیے، 45 منٹ کی جدوجہد کے بعد ڈاکٹروں نے لال بیگ باہر نکال لیا جو اس وقت بھی زندہ تھا۔