اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کمبوڈیا میں ایک اداکارہ ڈینی کوان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی.ان کا جرم کیا ہے؟ ان کی خوبصورتی۔ کمبوڈیا کی وزارت ثقافت اور فنون لطیفہ کی انضباطی کونسل نے 24 سالہ اداکارہ کو ایک سال کے لیے انٹرٹینمنٹ صنعت میں کام کرنے سے روک دیا
جس کی وجہ ڈینی کوان کی جانب سے ‘ اپنے ملبوسات کے انداز کو بدلنے سے انکار’ تھا۔ گزشتہ سال مقامی میڈیا میں ان کی مختلف تصاویر منظرعام پر آنے کے بعد اداکارہ کو وزارت کی جانب سے حکم دیا گیا تھا کہ وہ حکام کو اپنے ملبوسات کے حوالے سے آگاہ کرے۔اب اداکارہ پر کمبوڈیا کے اخلاقی ضابطہ حیات کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے جس کے مطابق فنکاروں کو ذاتی وقار اور قومی شناخت کو ذہن میں رکھ کر ملبوسات کا استعمال کرنا چاہئے۔وزارت نے کمپنیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اداکارہ کو دی جانے والی سزا کے حوالے سے تعاون کرتے ہوئے انہیں کسی قسم کا کام نہ دیں۔حکام کا کہنا تھا ‘ اس پابندی کی وجہ یہ ہے کہ ڈینی فنکاروں کے موجود ضابطہ اخلاق پر عمل نہیں کررہی تھی۔ اس سے ہٹ کر بھی ہم نے اسے مدعو کرکے بھی اس حوالے سے سمجھایا تھا اور اس نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مشورے کے مطابق عمل کرے گی، مگر وہ پھر بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئی’۔اداکارہ نے اس پابندی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘ میں جانتی ہوں کہ یہ میرا حق ہے کہ کس طرح کا لباس پہنوں مگر ہماری ثقافت اور کمبوڈین عوام اسے قبول نہیں کرتے، میں کوشش کروں گی میں فیس بک میں پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں اتنی پرکشش نہ لگوں جتنی عام طور پر لگتی ہوں’۔تاہم اداکارہ نے اس پابندی کو تسلیم کرلیا ہے۔