ڈھاکہ (نیوزڈیسک )بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک خاتون کے ہاں ایسے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جن کے دو سراور چار ہاتھ مگر پاؤں دو ہیں۔پیٹ سے اوپر تک وہ پورے دو بچے ہیں لیکن نچلا دھڑ صرف ایک ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ان بچوں پر قسمت تو نامہربان ہوئی ہی تھی، والدین نے بھی انہیں چھوڑدیا اور ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال میں لاوارث چھوڑ کر چلے گئے۔ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر خواجہ عبدالغفور کا کہنا ہے کہ”کسی خاتون نے ان بچوں کو ڈھاکہ کے کسی اور کلینک میں جنم دیا اور جمعہ کی رات یہاں لے کر آئے۔ بعدازاں والدین انہیں بچوں کے وارڈ میں لاوارث چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اب بچوں کا کوئی نگہبان نہیں اور وہ وارڈ ماسٹر کی نگرانی میں ہیں۔بچوں کی نگہداشت کرنے والی نرس نسیمہ اختر کا کہنا ہے کہ ”بچے حرکت کرتے ہیں، پیشاب کرتے ہیں اور روتے بھی ہیں۔ وہ مکمل صحت مند نظر آتے ہیں۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ چند ماہ میں جڑواں دھڑ والے بچے پیدا ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔