سٹاک ہوم (این این آئی)سوئٹزرلینڈ میں دنیا کی سب سے لمبی اور سب سے گہری ریلوے سرنگ کا افتتاح کردیاگیا۔گوٹہارڈ ریل لنک کی تعمیر میں20 سال لگے اور اس پر 12 ارب ڈالر سے زائد کا خرچ آیا ہے۔سوئس حکام کا کہنا ہے کہ اس سے یورپ کی مال برداری کے میدان میں انقلاب آ جائے گا۔یورپ کا کوہِ ایلپس ہمیشہ سے تجارت کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جاتا رہا ہے۔ رومی زمانے سے لے آج تک اس کے آر پار جانے والے راستے بنائے جاتے رہے ہیں اور ان پر لڑائیاں ہوتی چلی آئی ہیں۔قدیم زمانے میں اس سلسلہ کوہ کے دروں میں خچروں کے کاروان گزرا کرتے تھے جن پر نمک سے لے شراب اور دھاتوں سے لے کر چمڑے کی مصنوعات لدی ہوتی تھیں۔ حادثات عام تھے اور سردیوں میں راستے بند ہو جایا کرتے تھے۔1882 میں جب یہاں پہلی ریلوے لائن بچھائی گئی تو اس وقت کے سوئس صدر سمیون باویئر نے بڑی گرم جوشی سے کہا تھایہ سائنس اور آرٹ کی فتح ہے، یہ محنت اور جانفشانی کی جیت ہے۔ قوموں کو تقسیم کرنے والی رکاوٹ گرا دی گئی ہے اور ایلپس میں نقب لگا دی گئی ہے۔ اب ملک قریب آ گئے ہیں اور دنیا کی منڈی سب کے لیے کھل گئی ہے۔آج بھی اطالوی زیتون کا تیل ہالینڈ بھیجنا ہو یا جرمن کاریں یونان، انھیں ایلپس سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے۔ یہی حال چین اور انڈیا سے آنے والا ہزاروں ٹن مال کا بھی ہوتا ہے۔