بوسٹن (نیوز ڈیسک) آج یورپ کے طول و عرض میں گوری چمڑی والے انسان پائے جاتے ہیں مگر امریکی سائنسدانوں کی ایک حالیہ تحقیق میں دریافت ہوا ہے کہ کبھی یہاں سیاہ فام لوگ آباد تھے جنہیں مشرق کی طرف سے آنے والے انسانی ریلے نے سفید فام بنادیا۔ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدان لین میتھیسن کا کہنا ہے کہ یورپ میں 40 ہزار سال قبل افریقہ سے آنے والے سیاہ فام لوگ آباد ہوئے۔ یہ لوگ جنگلی جانوروں کا شکار کرتے تھے اور جنگلی قبائل کی صورت میں رہتے تھے۔ تقریباً آٹھ ہزار سال قبل تک ان لوگوں کی رنگت سیاہ ہی تھی لیکن پھر مشرق قریب سے کاکیشین نسل کے لوگ یورپ کی طرف نقل مکانی کرنے لگے اور انہیں میں سفید رنگ کے جینز بھی پائے جاتے تھے۔ ”سائنس“ میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے یورپ کے مختلف مقامات سے 83 لوگوں کے جینیاتی زائچے کا تقابل جدید یورپ کے افراد کے جینیاتی زائچے کے ساتھ کیا ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ مشرق کی طرف سے آنے والے انسانوں نے یورپ کو گوری رنگت دی۔ مشرق سے آنے والے کاشتکاروں میں تین جینز ایسے تھے کہ جن کے سبب جنوبی یورپ کے سیاہ فام لوگوں کے ساتھ ان کی شادیوں کے نتیجے میں سفید فام نسل پیدا ہوئی ہے۔ تقریباً چھ ہزار سال پہلے سفید رنگت کے جینز یورپ میں بڑے پیمانے پر پھیل چکے تھے اور آنے والے کچھ ہزار سالوں کے دوران سارا یورپ سفید فام ہوگیا۔