اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اپنے والد کی موت کے صدمے سے چور ایک خاتون نے والد کا احساس ہمیشہ اپنے ساتھ رکھنے کے لیے انوکھا کام کر ڈالا۔ 52سالہ انشورنس سیلز وومن کیٹیااپیلے ٹیگ کے والد 7سال قبل انتقال کر گئے تھے۔کیٹیا کی والدہ اپنے شوہر کی وفات پر اس کا تکیہ منہ سے لگائے روتی رہتی تھیں کیونکہ اس تکیے میں اس کے آنجہانی شوہر کی خوشبو بسی تھی۔
7سال بعد کیٹیا کو ایک انوکھا کام کرنے کی سوجھی۔ اس نے ایک ایسا پرفیوم بنانے کے لیے کہ جس سے اس کے والد کی خوشبو آتی ہو فرانس کی ایک یونیورسٹی ہیورکے محققین سے رابطہ کر لیا۔ہیوریونیورسٹی کے محققین کی ایک ٹیم کڑی محنت کے بعد کیٹیا کے والد کے کپڑوں سے اس کی خوشبو لے کربالکل ویسی ہی خوشبو رکھنے والا پرفیوم تیار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔کیٹیا کا کہنا ہے کہ خوشبو اور یادوں میں گہرا تعلق ہوتا ہے اسی لیے میں نے اپنے والد کی خوشبو جیسا پرفیوم بنانے کا فیصلہ کیا۔کیٹیا نے کہا کہ اب وہ دوسرے لوگوں کے آنجہانی پیاروں کی خوشبو پر مبنی پرفیوم بنانے کے منصوبے پر کام شروع کر رہی ہیں۔ اس نے کہا کہ اگرچہ یہ کام بہت مہنگا ہے اور اس پر 560یوروز تک لاگت آتی ہے لیکن اپنے بچھڑ جانے والوں کی خوشبو کو ہمیشہ کے لیے اپنے پاس رکھنے کی یہ کوئی بڑی قیمت نہیں ہے۔