اسلام آباد (نیوزڈیسک )چین میں کالجوں میں داخلے کیلئے طالبعلموں کو ’گاﺅ گاﺅ‘ نامی ایک امتحان دینا پڑتا ہے۔ سالانہ منعقد کئے جانے والے اس امتحان سے پہلے چند دنوں کے دوران طالب علم شدید ذہنی دباﺅ کا شکار رہتے ہیں کیونکہ اس امتحان سے فیصلہ ہوتا ہے کہ وہ کونسی یونیورسٹی میں داخلہ لے سکتے ہیں لہذا ایک طرح سے ان کے پورے کیریئر کا دارومدار اس امتحان پر ہوتا ہے۔
دیکھا گیا ہے کہ ان دنوں میں پورے ملک میں کافی سارے طالبعلم دلبرداشتہ ہوکر اپنی زندگی ہی ختم کرلیتے ہیں۔ تاہم چین کے علاقے ’ہیبیئے‘ میں قائم ’ہینگ شوئی‘ ہائی سکول نے اس مسئلے کا انتہائی منفرد حل نکالا ہے۔ 29 مارچ کو ایک طالبعلم کی جانب سے سکول کی عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کے بعد سکول نے ہر منزل کی راہداری پر جیل جیسے جنگلے نصب کردئیے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اب طالبعلموں کو محسوس ہونے لگا ہے جیسے سکول نے انہیں قید کردیا ہے لیکن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ناگزیر تھا۔ میڈیا کے مطابق متعلقہ سکول کا شمار چین کے بہترین سکولوں میں کیا جاتا ہے۔