انقرہ: ترکی کی عدالت نے ایک شخص کو بیوی سے محبت نہ کرنے پر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترک اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ترکی کی عدالت میں ایک جوڑے نے ایک دوسرے پر بےعزتی کرنے کے الزامات عائد کر کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ سماعت کے دوران بیوی کا کہنا تھا کہ اس کا شوہر اکثر گھر سے چلا جاتا تھا، ایک دن اس کے شوہر نے کہا کہ ’’اسے مجھ سے محبت نہیں ہے‘‘۔ شوہر کی یہ بات سن کر وہ جذباتی طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب شوہر کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی اسے اکثر و بیشتر گالیوں اور بددعاؤں سے نوازتی رہتی ہے۔
عدالت نے دونوں کا موقف سننے کے بعد اپنے فیصلے میں کہا کہ دونوں ہی ایک جتنے برے ہیں لیکن شوہر کا اپنی بیوی سے محبت نہ ہونے کا دعوی ’جذباتی تشدد‘ کے مترادف ہے جس پر اسے اپنی بیوی کو ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔