لاہور (این این آئی)حکومت پنجاب کی جانب سے کینسر کے مریضوں کیلئے مالی سال 26ـ2025 اور 27ـ2026 میں 5 ارب روپے کی ادویات کی خریداری کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کینسر کے مریضوں کو یہ ادویات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔کینسر کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری، محکمہ صحت نے کینسر کی ادویات کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کر دیاہے۔رواں مالی سال کیلئے 26 کینسر ادویات کی خریداری کا عمل شروع کیاگیا جس پر تخمینہ لاگت 2 ارب 60 کروڑ روپے آئی ہے۔26 کینسر ادویات کی خریداری کے لیے بڈ کھلنے کی تاریخ 13 نومبر 2026 مقررکی گئی ہے۔
لیوکیمیا، لمفوما، بریسٹ کینسر، کولوریکٹل اور پھیپھڑوں کے کینسر وغیرہ کا علاج اب مزید آسان ہوگا۔کینسر کی بعض ادویات ڈی ٹی ایل ٹیسٹنگ کے بعد آئندہ دنوں میں سرکاری ٹیچنگ اسپتالوں کو فراہم کی جائیں گی۔مالی سال 26ـ2025 میں 8 اہم کینسر ادویات کی کامیاب خریداری اور تقسیم بھی مکمل کر لی گئی ہے۔کینسر سینٹرز کو ادویات کی فراہمی، ایمیٹینب 100 ملی گرام کی 50 لاکھ 16 ہزار 560 گولیاں تقسیم کی گئی ہیں۔ڈوکسوروبیسن 50 ملی گرام کے 35 ہزار 200، پیکلیٹیکسل 150 ملی گرام کے 21 ہزار 880 انجیکشن تقسیم کئے گئے ہیں۔کاربوپلاٹن 450 ملی گرام کے 15 ہزار 400، ٹراسٹوزوماب 440 ملی گرام کے 1 ہزار 40 انجیکشن اسپتالوں کو مل گئے ہیں۔نیلوٹینب کیپسول کی 14 لاکھ 86 ہزار 912 خوراکیں بھی کینسر مریضوں کے لیے تقسیم کر دی گئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے کینسر کے مریضوں اربوں روپوں کی مفت ادویات و سہولیات کی فراہمی انتہائی خوش آئند ہے۔
لاہور میں 75 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بھی تعمیر و تکمیل کے مراحل میں ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کہاکہ شیڈول کے مطابق کینسر کی ادویات کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی بلا تعطل اور بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے۔



















































