کوئٹہ(این این آئی) چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور وزیرِ صحت بلوچستان کے واضح اور عوام دوست وژن کے مطابق اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے تمام واجب الادا بقایاجات جاری کر دیئے ہیں اس اہم پیش رفت کے بعد صوبے بھر میں بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت ایمپینل شدہ تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کو باقاعدہ طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ہیلتھ کارڈ کے مستحق مریضوں کو بلا کسی رکاوٹ، تاخیر یا امتیاز کے مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور وزیرِ صحت بلوچستان کے وژن کا عملی مظہر ہے جس کا بنیادی مقصد عام شہریوں، بالخصوص غریب اور نادار طبقے کو مہنگے علاج کے مالی بوجھ سے نجات دلانا ہے حکومتِ بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوامی فلاح کے اس سفر کو پوری سنجیدگی، شفافیت اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی ایمپینل شدہ ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ کے تحت علاج کے دوران مریضوں یا ان کے لواحقین کو کسی قسم کی رکاوٹ، تاخیر یا شکایت کا سامنا ہو تو وہ بلا جھجھک بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام سے رابطہ کریں ہر ایمپینل شدہ ہسپتال میں قائم بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کاؤنٹر پر پروگرام کا مقررہ فون نمبر نمایاں طور پر دستیاب ہے جہاں سے فوری رہنمائی اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ہمیشہ عوام، خصوصاً ضرورت مند اور مستحق افراد کے ساتھ کھڑا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور وزیرِ صحت بلوچستان کے وژن کے مطابق کوئی بھی مستحق شہری علاج سے محروم نہ رہے۔















































