کراچی (این این آئی)پاکستان میں پہلی بار بچوں میں ٹائپ ون ذیابیطس کے مفت علاج کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں 27کلینکس قائم کردیئے گئے، اس وقت پاکستان میں پیدائش سے لے کر بالغ عمر تک کے 24ہزار سے زائد بچے ٹائپ ون ذیابیطس کا شکار ہیں۔
ٹائپ ون ذیابیطس کے بچوں کے علاج کیلئے مفت انسولین اور دیگر ضروری ادویات بھی ان کلینکس میں فراہم کی جارہی ہیں، ان بچوں کے مفت علاج کے لیے کراچی سمیت ملک بھر مجموعی طور پر 40خصوصی کلینکس قائم کئے جائیں گے، یہ کلینکس چینجنگ ڈائبیٹیز ان چلڈرن پروگرام کا حصہ ہیں جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے 32ممالک میں جاری ہے۔ پاکستان میں اس پروگرام کے تحت اب تک 3,300 ٹائپ ون ذیابیطس بچے رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں جنہیں مفت انسولین، گلوکومیٹرز، پین ڈیوائسز، نیڈلز اور ٹیسٹنگ اسٹرپس فراہم کی جا رہی ہیں۔