مقبوضہ غزہ(این این آئی)غزہ کی پٹی میں حکمران فلسطینی جماعت حماس نے کووِڈ19کی ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک لاٹری متعارف کرائی ہے۔
اس کے ذریعے ویکسین لگوانے والے افراد3000 ڈالر تک بیش قیمت انعامات کے حق دار ہوسکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حماس کے تحت وزارت صحت نے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کی غرض سے ایک لاٹری متعارف کرائی ہے اور بدھ سے اس کی قرعہ اندازی میں شامل ہونے والے 55 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے پاس 10,000 شیکل 3,000 ڈالر سے زیادہ کے جیتنے کا امکان ہوگا۔روزانہ قرعہ اندازی میں ویکسین لگوانے والے نئے افراد میں سے 10 کے نام نکالے جائیں گے اور وہ 200 ڈالرکے مساوی انعامات جیت سکیں گے۔وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے صحافیوں کو بتایا کہ قرعہ اندازی میں دس ہزار شیکل جیتنے والے تین خوش قسمت افراد کے ناموں کا اعلان ایک ماہ میں کردیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد غزہ کے مکینوں کی ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ رہیں اور اپنی جانیں بچائیں۔