لاہور(این این آئی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آلائشوں سے تیل تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چربی سے تیل تیار کرنے والے 4 یونٹس سیل کر کے 4ہزار 880 لیٹر تیل برآمد کر لیا ، 15نیلے کیمیکل ڈرمز، 3بڑے کڑاہے اور 20 ہزار کلو سے زائد خام مال ضبط کر لیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور کے علاقے بابو صابو میں فیڈ رینڈرنگ یونٹس کے خلاف کاروائیاں کی گئیں، آلائشوں سے نکالا گیا تیل استعمال شدہ کوکنگ آئل میں
ملا کر ہوٹلوں کو فروخت کیا جاتا تھا،آلائشوں سے نکلے تیل کی شادی ہالوں کو فروخت کی خفیہ رپورٹس بھی ملی ہیں۔ضبط کیا گیا انسانی صحت کے لیے مضر آئل بائیو ڈیزل کمپنیوں کے حوالے کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آلائشوں اور چربی سے نکلا تیل ماحول کو آلودہ اور متعدد موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے، چربی سے نکلا تیل صرف بائیو ڈیزل کمپنیوں کو فروخت کرنے کی اجازت ہے۔نجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے یونٹس کا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔