اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ ٹی وی دیکھتے ہوئے کسی خوفناک منظر کے آتے ہی یا سردی محسوس ہوتے ہوئے جلد میں حرکت سی ہورہی ہے۔ یہ دراصل جسم کے بال کھڑے ہونے کا عمل ہوتا ہے جسے رونگٹے کھڑے ہونا کہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ عمل اس وقت سامنے آتا ہے جب کسی خاص صورتحال میں جسم اپنا ردعمل دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سردی لگنے کی صورت میں جسم خود کار طور پر
حرکت میں آتا ہے اور بال کھڑے ہوجاتے ہیں جس کا مقصد فضا سے اضافی گرمائش جذب کرنے کی کوشش ہے۔ اسی طرح خوف کی صورت میں رونگٹے کھڑے ہونے کا مقصد جسم کی دفاعی پوزیشن پر آنا ہے۔ بال کھڑے ہونے کی صورت میں جسم اپنی اصل جسامت سے بڑا نظر آتا ہے اور یہ ممکنہ خطرے سے بچنے کی ایک صورت ہے۔ یوں تو یہ عمل غیر ارادی طور پر ہوتا ہے لیکن بعض افراد ارادتاً بھی اپنے رونگٹے کھڑے کرسکتے ہیں۔