کراچی(این این آئی)سفید پلاسٹک سے بنے ڈسپوزیبل کپ کینسر کا موجب بن رہے ہیں ، ماہرین کے اس انکشاف کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک میں اسٹائیروفوم مصنوعات پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔دنیا بھر میں چائے ، کافی وغیرہ پینے کیلئے خاص قسم کے گلاس استعمال ہوتے ہیں ، جنہیں اسٹائیروفوم سے بنایا جاتا ہے ، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہر درجہ حرارت برداشت کرلیتا ہے جبکہ اس میں مائع اشیاء بھی زیادہ دیر تک رکھی جاسکتی ہیں ۔
تاہم نئی تحقیق نے اسٹائیروفوم کے حوالے سے تحفظات قائم کردیئے ہیں ، بیشتر ممالک میں اس کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔اسٹائیروفوم مصنوعات کا استعمال انسانی صحت کیلئے مسائل پیدا کرتا ہے ، جن میں سرفہرست کینسر ہے ۔ ماہرین نے حاملہ خواتین اور بچوں کو ایسے برتنوں کی بجائے سیرامک استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔اسٹائیروفوم مصنوعات کو استعمال کے بعد تلف کرنا بھی بے حد مشکل کام ہے ، انھیں پوری طرح تحلیل کرنے میں طویل عرصہ لگتا ہے۔