اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کلونجی کا نام تو آپ نے سنا ہی ہوگا جسے مختلف کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ سنت نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں بھی اس کے استعمال کے فوائد ملتے ہیں۔ مگر کیا آپ واقعی اس کے فوائد سے واقف ہیں جو آپ معمولی محنت سے حاصل کرسکتے ہیں؟ کھانوں کو ذائقہ اور مہک دینے سے ہٹ کر بھی یہ سیاہ بیج متعدد طبی فوائد کے حامل ثابت ہوتے ہیں۔
جس کی وجہ ان میں موجود وٹامنز، امینیو ایسڈز، پروٹینز، فیٹی ایسڈز ، آئرن، پوٹاشیم، کیلشیئم اور متعدد دیگر اجزاء کی موجودگی ہے۔ یہاں آپ یہ جان سکتے ہیں کہ روزانہ ان سیاہ دانوں کو کھانا آپ کو کن کن امراض سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔ بال گرنے سے روکے کلونجی کا تیل بالوں کے گرنے سے روکنے میں مدد دے کر گنج پن سے بچاتا ہے جبکہ بالوں کی نشوونما بھی تیز کرتا ہے۔ یہ بالوں کو وہ نمی فراہم کرتا ہے، جس کی اسے ضرورت ہوتی ہے خصوصاً بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے۔ کچھ مقدار میں کلونجی کے تیل کو گرم کرکے بالوں کی جڑوں میں اس کی مالش کریں اور پھر ایک گھنٹے بعد سر دھولیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 سے 3 بار دہرائیں۔ قبض سے نجات قبض ہاضمے کے عام ترین امراض میں سے ایک ہے اور دنیا بھر میں ہر عمر کے افراد اس کا شکار ہوتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کلونجی کے تیل کی کچھ مقدار کو بغیر دودھ کی چائے میں مکس کرکے پی لیں، فوری ریلیف ملے گا۔ یرقان پر قابو پانے میں مدد دے یرقان کا درست علاج نہ ہو تو یہ جان لیوا مرض ثابت ہوسکتا ہے، تاہم اس ٹوٹکے سے آپ صحت یابی کی رفتار تیز کرسکتے ہیں۔ اجوائن کی کچھ مقدار کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں، صبح اسے چھان لیں اور پھر اس میں آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل شامل کردیں۔ اس سلوشن کو دن میں ایک دفعل پینا یرقان سے صحت یابی کی رفتار بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ کیل مہاسوں سے نجات لیموں کے عرق اور کلونجی کے تیل کو مکس کرکے استعمال کرنے سے متعدد جلدی مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے، ایک کپ لیموں کے عرق میں آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل ملائیں اور اس مکسچر کو دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں اور کیل مہاسوں اور داغ وغیرہ کو جادوئی انداز سے غائب ہوتے دیکھیں۔ کلونجی کا خالص تیل ایڑیاں پھٹنے کے مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ذیابیطس کو دور رکھیں اگر تو آپ ذیابیطس کے شکار ہیں تو کلونجی کے تیل کے ذریعے اسے کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے، ایک چائے کا چمچ تیل ایک کپ سیاہ چائے میں ملا کر صبح پی لیں اور چند ہفتوں میں آپ نمایاں فرق دیکھ سکیں گے۔ یاداشت بہتر بنائیں اور دمہ سے بچیں کلونجی کے بیج پیس کر انہیں شہد کی معمولی مقدار میں شامل کرکے استعمال کرنا یاداشت کو بہتر بناتا ہے۔
اگر اس مکسچر کو گرم پانی میں ملا کر پیا جائے تو اس سے سانس کے امراض جیسے دمہ وغیرہ سے نجات میں بھی مدد ملتی ہے، مگر یہ عمل کم از کم ڈیڑھ مہینہ دہرانا ہوگا اور اس کے دوران ٹھنڈے مشروبات اور ٹھنڈی تاثیر والی غذاﺅں سے پرہیز کرنا ہوگا۔ سردرد سے نجات سردرد کا مسئلہ آج کل بہت زیادہ عام ہوچکا ہے تو اس سے بچنے کے لیے کوئی دوا نگلنے سے بہتر ہے کہ اپنی پیشانی پر کلونجی کے تیل سے مالش کرکے آرام کریں۔
سردرد جلد ہی غائب ہوجائے گا۔ جسمانی وزن میں کمی گرم پانی، شہد اور لیموں کے عرق کے امتزاج میں چٹکی بھر کلونجی کو شامل کرکے مکس کریں اور اسے کچھ عرصے تک روز پینا عادت بنالیں، یہ بہت جلد کئی کلو جسمانی وزن گھٹانے میں مددگار مشروب ثابت ہوگا۔ جوڑوں کے درد میں کمی کچھ مقدار میں کلونجی کو لیں اور اسے مسٹرڈ آئل کے ساتھ گرم کریں، جب تیل سے دھواں اٹھنے لگے تو چولہا بند کرکے اسے کچھ ٹھنڈا کرلیں۔
اس کے بعد انگلی کو تیل میں ڈبو کر متاثرہ حصے میں مالش کریں۔ بلڈ پریشر کنٹرول کریں اگر تو آپ ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں تو آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل گرم پانی میں ملا پر پینا عادت بنالیں، اس سے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں لانے میں مدد ملتی ہے۔ گردوں کو تحفظ دیں گردوں میں پتھری بھی تیزی سے عام ہوتا مسئلہ ہے، اس سے بچنے کے لیے آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل دو چائے کے چمچ شہد کے ساتھ گرم پانی میں
ملا کر پینا شروع کردیں، اس سے گردے کے درد، پتھری اور انفیکشن سے نجات میں بھی مدد ملے گی، تاہم مناسب غذا کے لیے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ لیں۔ دانتوں کو مضبوط بنائیں دانتوں کے مسوڑے سوج رہے ہیں یا خون نکل رہا ہے، یا دانت کمزور ہوگیا ہے؟ ویسے تو ایسی صورت میں ڈینٹسٹ سے رجوع کیا جانا چاہیے تاہم عارضی طور پر دہی میں کچھ مقدار میں کلونجی کا تیل ملا کر دن میں دو بار ملنا مسوڑوں کو مضبوط بناسکتا ہے۔