اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں اکثر لوگ چائے بہت زیادہ کثرت سے پیتے ہیں، انہیں چائے نہ ملے تو لڑنے کو دوڑتے ہیں، چائے پئے بغیر ان کا دن نہیں گزرتا، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ چائے پینے سے تھکن اتر جاتی ہے اور دماغ فریش ہو جاتا ہے، ہر آدمی چائے کے بارے میں اپنی رائے دیتا ہے، اگر دیکھا جائے تو چائے کے کچھ فوائد موجود ہیں مگر چائے کا استعمال ایک مناسب حد تک ہی کرنا چاہیے،
کسی چیز کی زیادتی انسانی صحت کے لیے ٹھیک نہیں ہوتی، اگر ہم چائے کا زیادہ استعمال کریں گے تو وہ بھی ہماری صحت کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ایک طبی رپورٹ میں چائے کے نقصانات کا ذکر کیا گیا ہے، چائے کا ایک نقصان تو بہت ہی عام ہے اور اس سے اکثر لوگوں کا سامنا رہتا ہے، اور نیند کی خرابی وہ مسئلہ ہے جو ہمارے لیے اکثر پریشانی کا سبب بنتا ہے اور اس کی وجہ چائے میں پائی جانے والی کیفین ہے۔ اس کے علاوہ چائے میں ایک کیمیکل تھیو فیلائن بھی ہے جو قبض کا باعث بنتا ہے، ہمارے ہاں اکثر لوگ چائے کو ہاضمے کے لیے بہتر سمجھتے ہیں مگر اس کا زیادہ استعمال ہمارے جسم میں تھیو فیلائن کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے جو ہاضمے کی خرابی اور قبض کا سبب بنتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ چائے میں موجود کیفین کی بدولت لوگ اپنے موڈ میں بہتری تو محسوس کرتے ہیں مگر جب کیفین کا استعمال زیادہ مقدار میں کیا جائے گا تو کیفین کی یہ زیادہ مقدار آپ کے موڈ کو خراب کرکے ذہنی دباؤ اور پریشانی کا باعث بن جاتی ہے۔ مردوں کا زیادہ چائے کا استعمال پراسٹیٹ کی بیماری کو بڑھا دیتاہے اگر یہ بیماری زیادہ بڑھ جائے تو پراسٹیٹ کینسر کی صورت اختیار کر جاتی ہے۔