اسلام آباد۔۔۔۔۔ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل ایک ماہ مہلت مانگنے کے لئے سپریم کورٹ پہنچ گئے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے ایک ماہ مہلت کی درخواست مسترد کر دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ چوبیس نومبر تک چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ ہوا تو سپریم کورٹ کے جج کی خدمات واپس لے لی جائیں گی۔ واضح رہے حکومت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ عدالت کو بتایا جائے کہ 2 نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے تاہم بے جا تنقید کی وجہ سے دونوں معزز شخصیات نے تقرری سے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے پہلے اٹھائیس اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی لیکن اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی درخواست پر اس میں تیرہ نومبر تک توسیع کی گئی تھی۔