کراچی(این این آئی) معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے دسمبر میں شادی کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے ان کی تردید کردی ہے۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی شادی کے بارے میں خود بھی کوئی علم نہیں۔ اگر واقعی ان کی شادی ہونے والی ہے تو انہیں بھی اس کا دعوت نامہ بھیجا جائے۔صبا قمر نے اپنی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شیڈول اس قدر مصروف ہے کہ انہیں گھر جانے اور سونے تک کا وقت نہیں مل رہا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ابھی تک کسی نے انہیں ان کی اپنی شادی میں مدعو نہیں کیا، لہٰذا اگر یہ خبر درست ہے تو انہیں بھی شادی کا کارڈ بھیج دیا جائے۔
اداکارہ کے اس دلچسپ ردعمل نے شادی سے متعلق افواہوں کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا، جبکہ مداح بھی ان کے تبصرے سے محظوظ ہوئے۔واضح رہے کہ صبا قمر اپنی نجی زندگی کو عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں، تاہم ان کے تعلقات اور شادی کے حوالے سے مداحوں میں اکثر تجسس پایا جاتا ہے۔



















































