اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترک ڈرامہ انڈسٹری سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے، جہاں معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ 51 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
وہ مقبول ڈرامہ سیریل کورولوش عثمان میں میخائل کوسس کا کردار ادا کرنے کے باعث پاکستانی اور ترک ڈرامہ شائقین میں بھی جانے جاتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار 5 ستمبر کو ترکیہ کے شہر استنبول کے ضلع کاگیتھانے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کی دوست اوزلم ای نے انہیں ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت دیکھا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی حکام کو اطلاع دی۔
اوزلم ای کے مطابق وہ 3 ستمبر سے سرحات مصطفیٰ کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہی تھیں۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں انہوں نے بتایا کہ اداکار لمفک کینسر میں مبتلا تھے۔
پولیس کی ابتدائی کارروائی کے دوران اداکار کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا ظاہری زخم کے شواہد نہیں ملے۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ موت کی حتمی وجہ معلوم کرنے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1998 میں تھیٹر سے کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹیلی ویژن اور فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور کورولوش عثمان، سوز اور محمد فاتح سمیت کئی معروف ترک پروجیکٹس میں اداکاری کی۔
اداکار کی فلم کچ یوکوسو نے بھی 2014 میں کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کیا تھا، جس سے ان کے فنی سفر میں ایک اہم اعزاز کا اضافہ ہوا۔



















































