اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے اپنی سابق اہلیہ اور معروف اداکارہ صبا حمید سے طلاق کے بارے میں برسوں بعد کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اوقات رشتہ ختم ہونے کی وجہ صرف یہ ہوتی ہے کہ دونوں افراد ایک ساتھ خوش نہیں رہ پاتے،
حالانکہ دونوں اپنی اپنی جگہ درست ہوتے ہیں۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران وسیم عباس نے بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی ازدواجی زندگی تقریباً 29 سال تک قائم رہی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ طلاق کو ہمیشہ منفی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ اگر میاں بیوی ایک دوسرے کے ساتھ پُرسکون اور خوشحال زندگی نہ گزار سکیں تو عزت اور احترام کے ساتھ الگ ہو جانا بھی ایک مناسب راستہ ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول ازدواجی اختلافات میں ضروری نہیں کہ ایک شخص مکمل طور پر غلط اور دوسرا درست ہو، اکثر دونوں کے اپنے اپنے مؤقف ہوتے ہیں۔وسیم عباس کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ان کے اور صبا حمید کے درمیان وہ جذباتی وابستگی برقرار نہ رہ سکی جو ایک مضبوط ازدواجی تعلق کے لیے ضروری ہوتی ہے، اسی لیے دونوں نے سوچ سمجھ کر علیحدگی کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی اور صبا حمید کی کوئی مشترکہ اولاد نہیں تھی۔ شادی کے آغاز میں ہی دونوں نے اس بات پر اتفاق کر لیا تھا کہ مزید بچوں کی ضرورت نہیں، کیونکہ وسیم عباس کی پہلی شادی سے چار جبکہ صبا حمید کی پہلی شادی سے دو بچے پہلے ہی موجود تھے۔اداکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج بھی وہ صبا حمید کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ان کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے دعاگو رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں کسی ڈرامے یا دوسرے منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ خوشی سے اس پیشکش کو قبول کریں گے۔وسیم عباس نے آخر میں کہا کہ علیحدگی کے باوجود ان کے اور صبا حمید کے درمیان کسی قسم کی تلخی یا دشمنی نہیں۔ اگر کبھی ملاقات ہوتی ہے تو دونوں ایک دوسرے سے مکمل احترام اور خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔



















































