لاہور( این این آئی) نامور اداکار افضل خان ( ریمبو) نے کہا ہے میرے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ میں صرف فلموں میں کامیڈین کردار نبھا سکتا ہوں، مجھے جس طرح کے بھی کردار دئیے جائیں میں انہیں نبھانے کی صلاحیت رکھتا ہوں،
ایک وقت تھا جب سینئرز اور جونیئرز ایک ساتھ بیٹھا کرتے تھے اور دوستانہ ماحول ہوتا تھا جس سے اعتماد ملتا تھا اور سینئرز سے سیکھنے کی وجہ سے جونیئرز کے کام میں نکھار آتا تھا۔ ایک انٹر ویو میں افضل خان نے کہا کہ بڑے اداکاروں کی یہ نشانی ہے کہ وہ اپنے جونیئر زکی تربیت کرتے ہیں،ہم نے اپنے سینئرز کا بے حد احترام کیا ہے کیونکہ ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ با ادب با مراد بے ادب بے مراد ۔انہوںنے کہا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ ہر اداکار کے لئے ایک ایک کمرہ مختص کر دیا گیا ہے جس سے جونیئرز کو بہت نقصان پہنچا ہے کیونکہ ان کا جب سیٹ پر ساتھی فنکاروں سے براہ راست سامنا ہوتا ہے توکام میں پختگی نہیں ہوتی کیونکہ ان کی آپس میں کیمسٹری ہی نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی بھی ہدایتکار ڈرامے میں کامیڈین کے کردار میں کاسٹ نہیں کرتا کیونکہ وہ وہ سمجھتے ہیں کہ میں صرف فلم کا کامیڈین ہوں حالانکہ میں چہرے سے ایکشن ہیرو لگتا ہوں ، لیکن میں ہر طرح کے کردار بخوبی طریقے سے نبھا سکتا ہوں۔