لاہور( این این آئی)معروف گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال کے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے سیٹ پر ملنے والی 44 سیکنڈز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مداح تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے ۔سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عابدہ پروین جیسے ہی سیٹ میں داخل ہوتی ہیں ان کی نظر نصیبو لال پر پڑتی ہے اور وہ انھیں بیٹھے رہنے کا کہتی ہیں مگر نصیبو پھر
بھی اٹھنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہیں۔اس لمحے عابدہ پروین ان کا ہاتھ پکڑ کر چومتی ہیں اور انہیںبٹھا دیتی ہیں جس پر نصیبو اپنے اردگرد کے لوگوں سے کہتی نظر آتی ہیں یہ دیکھیں۔اس کے بعد نصیبو یہ کہتے ہوئے اٹھ جاتی ہیں کہ مجھے اچھا نہیں لگتا جس پر عابدہ کہتی ہیں ارے نہیں نہیں، اللہ مجھے معاف کرے جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو گلے لگا کر ملتی ہیں۔پھر جب عابدہ پروین اپنے سیٹ کی جانب قدم بڑھاتی ہیں، پیچھے سے نصیبو لال ہاتھ جوڑ کر ان سے گانے کی اجازت مانگتے ہوئے کہتی ہیں اجازت ہے نا میڈیم جی جس پر عابدہ پروین بھی ان سے اجازت مانگتی ہیں۔گزشتہ روز کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا آغاز ہوا جس میں صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور نصیبو لال نے اپنی آواز کا جادو جگایا، عابدہ پروین کے کلام تو جھوم گایا تو مداح بھی جھومنے پر مجبور ہوگئے۔شائقین کو دو سینئر گلوکاروں کا ایک ساتھ گایا گیا یہ گانا اس قدر بھایا کہ دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا دوسرا گانا 21 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔