کراچی /ممبئی (این این آئی)بھارتی خاتون فلم پروڈیوسر شیلجا کجریوال کی جانب سے پاکستانی اداکار فواد خان کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد چہ مگوئیاں ہیں کہ جلد ہی اداکار ایک ویب سیریز میں صنم سعید کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔شیلجا کجریوال نے انسٹاگرام پر فواد خان کی
تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا کہ ’بلا?خر، ’زندگی سفل‘۔ان کی جانب سے شیئر کی گئی فواد خان کی تصویر میں اداکار کو قدرے مختلف روپ میں دیکھا جا سکتا ہے اور اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ تصویر اداکار کے کسی ڈرامے یا ویب سیریز کے کردار کی ہے۔اگرچہ شیلجا کجریوال نے فواد خان کی تصویر کے ساتھ مزید کچھ نہیں لکھا، تاہم مداحوں اور لوگوں نے کمنٹس کرکے ان سے پوچھنا شروع کیا کہ کیا فواد خان کے ہمراہ صنم سعید بھی پروجیکٹ کا حصہ ہوں گی؟بھارتی پروڈیوسر کی تصویر پر پاکستانی فلم ساز مہرین جبار نے کمنٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ اس کے لیے پرجوش ہیں۔بھارتی پروڈیوسر کی پوسٹ پر مہرین جبار کی جانب سے کمنٹس کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے چہ مگوئیاں شروع کردیں کہ جلد ہی فواد خان ویب سیریز میں دکھائی دیں گے، جسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر نشر کیا جائے گا۔