کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان حکومت نے صوبے کے معروف گلوکار واسو کی بیماری اور کمزور معاشی حالت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی مالی امداد اور سرکاری خرچ پر علاج معالجے کا اعلان کردیا۔معروف گلوکار واسو کی بیماری اور کمزور معاشی حالت کے حوالے سے
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت نے ان کی مالی امداد کا فیصلہ کیا۔اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی گلوکار واسو سے ملاقات کے لئے سبزل روڈ کے قریب کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ان کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے انہیں پھول پیش کئے۔لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ گلوکار واسو ہمارا فخر ہیں، ان کی بیماری اور معاشی حالت کا علم ہوا تھا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ واسو کو وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے امدادی رقم کا چیک پیش کیا جائے گا، واسو کے علاج معالجے کا سارا خرچ بھی صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔