اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے سب کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے صبر کیلئے دعا کریں اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
اداکار عدنان صدیقی نے عید کے موقع پر سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے مداحوں کو سادگی سے عید منانے کے ساتھ جہاز حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی۔اداکارہ عائزہ خان نے عید پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں ہم عید منا رہے ہیں، وہیں ہم نے خوشی کے موقع پر بیٹوں، بیٹیوں، ماؤں اور والدین کو بھی کھویا ہے۔ہمایوں سعید نے عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ جس طرح ہم پورا رمضان عبادت کرتے رہے ہیں اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہے، اسی طرح عید کے دن بھی یہی جاری رکھیں تو بہتر ہے اور اس عمل کو معمول بنالیں۔میرا نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے دعا کی تلقین کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ہم سب ہی پہلے سے مختلف انداز میں اس سال کی عید منا رہے ہیں، اللہ تمام انسانوں کو محفوظ رکھے‘۔