ممبئی (این این آئی) اداکارہ زائرہ وسیم کے بالی ووڈ کو خیر باد کہنے کے بعد بڑے اداکار انوپم کھیر پریشان ہو گئے، اداکار کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ اداکارہ کا اپنا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دنگل فلم سے مشہور ہونے والی بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم کے بالی ووڈ چھوڑنے کی خبروں نے بھارت میں کھلبلی مچائی ہوئی ہے،
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں کام کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان خطرے میں پڑ رہا ہے۔ فیس بک پر طویل پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ 5 سال پہلے میں نے انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا جس نے میری زندگی کو ہمیشہ کیلئے بدل کر رکھ دیا۔ اس شعبے نے مجھے بے پناہ پیار دیا، میری حمایت کی اور میری کارکردگی کو سراہا لیکن اس شعبے کے ذریعے میں جہالت کی طرف جارہی تھی اور بہت خاموشی اور بے خبری سے میں اپنے ایمان سے دور ہورہی تھی۔دوسری طرف بھارتی اداکار انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ زائرہ وسیم کا نہیں، میرے نزدیک 16 یا 17 سال کی لڑکی ایسا فیصلہ نہیں کر سکتی، میرے نزدیک ان کا کیریئر بہت شاندار ہے، ہم ایک طرف سے خواتین کے حقوق کی بات کر رہے ہیں تو دوسری طرف ایسی خبریں آنا باعث تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں سب کو انفرادی طور پر رائے رکھنے کا حق ہے، میرا دل ماننے کے لیے تیار نہیں کہ زائرہ وسیم نے اتنی چھوٹی میں بالی ووڈ انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا۔