لاہور(این این آئی)اداکارہ و ماڈل صائمہ اظہر نے کہا ہے کہ فلموں میں کام کرنے کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور مجھے جب بھی اچھے کردار کی پیشکش ہوئی ضرور کام کروں گی، بالی ووڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے سالانہ تیس سے چالیس فلمیں ریلیز کرنا ہوں گی ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں فارمولہ فلموں کی بجائے نت نئے موضوعات کو لے کر فلمیں بنانا ہوں گی ۔جدید ٹیکنالوجی لانی چاہیے او ر اس کیلئے چین
اور ترکی سے مدد حاصل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جتنی فلمیں بن رہی ہیں انہیں انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے اگر ہم نے انڈسٹری کو عروج دینا ہے اور بالی ووڈ کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں سالانہ تیس سے چالیس فلمیں بنانا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرا ویسے تعلق ٹی وی اور فیشن انڈسٹری سے ہے لیکن فلموں میں کام کرنے کا تجربہ بھی کامیاب رہا ہے ،مجھے جب بھی اچھا کردار ملے گا میں ضرور کام کروں گی ۔