لاہور(این این آئی)کنگ آف فوک کا ایوارڈجیتنے والے ورلڈریکارڈیافتہ فوک گلوکاراکرم راہی نے کہا ہے کہ انہیں کسی بھی حکومتی ایوارڈکی تمنا نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ میرے لئے سب سے بڑا ایوارڈعوام کی مجھ سے بے لوث محبت ہے جو وہ 35سال سے مجھ سے کررہی ہے۔
اکرم راہی نے کہا کہ میں تیسری پیڑی کا سنگرہوں،اور اپنے پاکستانی ہونے پر فخرہے کہ میں نے 1997ء میں بھارتی شہر چندی گڑھ میں منعقدہونے والے بین الااقوامی میوزک کنسرٹ میں بھارت سمیت دنیا بھرکے فوک گانے والوں کوشکست دے کر ’’کنگ آف فوک‘‘کاپہلا ایوارڈجیتا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ میرے لئے اس سے بڑا ایوارڈکوئی نہیں ،ایک سوال کے جواب میں اکرم راہی نے کہا کہ میرے پرستاروں کی محبت اپنی جگہ میں ان کی محبت کو سراہتا ہوں،جہاں تک صدارتی ایوارڈکے ملنے کا تعلق ہے مجھے کسی بھی ایوارڈکی تمنا نہیں ، میرے لئے عوام کی دعائیں اور محبت ہی سب سے بڑا ایوارڈہے،انہوں نے کہا کہ مجھے کسی سے گلہ نہیں کیوں کہ پاکستان میں میرٹ نام کی کوئی چیزنظرنہیں آتی جب میرٹ ہوگا تو مجھے خود بخودایوارڈمل جائے گا،انہوں نے کہا کہ میں دنیا میں شائدواحدشخص ہوں جو تین ورلڈریکارڈقائم کرچکا ہوں ،جو سب میرے پیارے وطن پاکستان سے محبت اور میری عوام کی دعائیں اور مجھ سے عملی محبت کا ثبوت ہے۔