لاہور(این این آئی)ماڈل گرل ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیاہے۔ ایان علی کی طرف سے وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ایان علی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے خلاف
لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کیلئے ٹرائل عدالت میں پیش ہونا چاہتی ہیں۔ایان علی کے وکیل آفتاب باجوہ کی طرف سے دائر درخواست میں ایان علی نے کہا ہے کہ بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کسٹم عدالت میں پیش ہونے کاموقع دیا جائے۔آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ایان علی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کسٹم کورٹ کے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لئے جائیں۔کسٹم عدالت نے پیش نہ ہونے پر ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ ایان علی پر پانچ لاکھ ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام کے تحت کسٹم حکام نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔یاد رہے تین دن قبل راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ عدالت نے ایان علی کی عدم حاضری پر ملزمہ کو اشتہاری قرار دیا۔کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی تھی۔ عدالت نے ماڈل کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔