نیویارک(این این آئی)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ و گلوکارہ جنیفر لوپز چوتھی بار شادی کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے بیس بال سٹار ایلکس روڈرگیوز سے منگنی کرلی ہے۔اس جوڑے نے انسٹاگرام پر اپنے ہاتھوں کی ایک تصویر شیئر کی جس میں جنیفر لوپز کے ہاتھ میں منگنی کی انگوٹھی
دیکھی جاسکتی ہے۔یہ جوڑا 2017 کی ابتدا سے ایک ساتھ ہے اور جریدے ونیٹی فیئر کے سرورق کا حصہ بھی بن چکا ہے جس میں انہیں جے روڈ کی عرفیت بھی دی گئی۔رواں سال جنوری میں ایلکس روڈگیوز نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ اور جنیفر لوپز کا پس منظر ایک جیسا ہے اور اداکارہ کی نئی فلم’’سیکنڈ ایکٹ‘‘ اس تعلق کی عکاسی کرتا ہے جو ان دونوں کے درمیان ہے۔انہوں نے بتایا یہ واقعی جنیفر اور میری زندگی سے ملتی جلتی ہے، ہم دونوں کی پیدائش نیویارک کی ہے، ہمارے والدین تارک وطن ہیں، دونوں کے 2، دو بچے ہیں، ہمارے آباؤاجداد لاطینی امریکا سے تعلق رکھتے ہیں، جنیفر کے پیورٹو ریکو جبکہ میرے ڈومینیکن ریپلک سے تعلق رکھتے ہیں، ہم دونوں زندگی کے نشیب و فراز سے گزرے ہیں، مگر اب ہم عمر کی پانچویں دہائی میں ہیں اور ہر ممکن حد تک بہتر زندگی گزارنے کی کوشش کررہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔یہ جنیفر لوپز کی چوتھی جبکہ ایلکس روڈگیوز کی دوسری شادی ہے، دونوں کے سابقہ شادیوں سے 2، 2 بچے ہیں۔