ممبئی( آن لائن ) گزشتہ برس اسلام قبول کرنے والی بھارتی اداکارہ دپیکا ککڑ (فائزہ) کو ایک شخص نے تیزاب سے جلانے کی دھمکی دے ڈالی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کے مقبول ترین ٹی وی شو بگ باس سیزن 12 میں دوسرے نمبر پر رہنے والے سابق بھارتی کرکٹر شری سانت کے مداحوں نے فاتح اداکارہ کے خلاف سوشل میڈیا پر نیا محاذ کھول لیا۔شری سانت کے مداح کا کہنا تھا کہ بگ باس کے اصلی فاتح سابق بھارتی کرکٹر ہیں مگر چینل کی انتظامیہ نے دپیکا کو دھاندلی کے ذریعے فاتح قرار دیا کیونکہ اداکارہ ٹی وی کے ایک مقبول ترین شو کی
میزبانی بھی کرچکی ہیں۔ایک مداح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دپیکا سے نفرت کا شدید اظہار کرتے ہوئے انہیں تیزاب سے جلانے کی دھمکی دی۔دپیکا کے مداح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، اداکارہ نے توجہ مبذول کروانے کے لیے کیے جانے والے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا۔دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر کی اہلیہ نے حالیہ دھمکی پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ مجھے اور شری کو مکمل یقین ہے کہ ان کا کوئی بھی مداح اس طرح کی گھٹیا حرکت نہیں کرسکتا۔