لاہور(این این آئی)پاکستان فلم انڈسٹری کی خوبصورت ماڈل واداکارہ روزبٹ نے کہا ہے کہ نئی اردوفلم ’’غرور‘‘میں میرا کرداربہت ہی جانداراورپرفارمنس سے بھرپورہے،’’این این آئی‘‘سے ایک ملاقات کے دوران خصوصی گفتگوکرتے ہوئے روزبٹ نے کہا کہ فلم’ ’غرور ‘‘کی کہانی روائتی ڈگر سے ہٹ کر منفرد اور اچھوتی ہے جو دیکھنے والوں کو یقیناً متاثر کرے گی۔ روز بٹ کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔فلم میں کام کی پیشکش سکرپٹ پڑھنے کے بعد قبول کی تھی۔میں فضول پراجیکٹس
میں کام کرکے اپنی توانائیاں ضائع نہیں کرتی، فلم ’’غرور‘‘میں میراکردار بہت عمدہ ہے،روزبٹ کا کہنا ہے کہ ابھی میرے کیرئیر کی ابتدا ہے مجھے آگے جانا ہے اس کے لیے سخت محنت اور جدو جہد کی ضرورت ہے کیونکہ آج کے دور میں جہاں بے شمار ٹی وی چینلز اور پروڈکشن ادارے کام کررہے ہیں اور فنکاروں کی ایک بڑی تعداد مقابلے کی دوڑ میں شامل ہے اپنے آپ کو منوانے کے لیے بہترین صلاحیتوں کو برو ئے کار لانا ہوگا مجھے امید ہے کہ پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ضرور کی جائے گی۔