ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن رامپال چیک باؤنس ہونے کی وجہ سے قانونی شکنجے میں پھنس گئے۔رواں سال ریلیز ہونے والی فلم’ پالٹن‘ میں فوجی کا کردار ادا کرنے والے ارجن رامپال ان دنوں قانونی شکنجے میں پھنس گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وائے ٹی انٹر ٹینمنٹ نامی کمپنی نے قرض کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اداکار پر مقدمہ درج کرا دیا ہے۔اداکار ارجن نے کمپنی سے ایک کروڑ روپے کا قرض لیا تھا جسے انہیں تین ماہ کی شرائط پر ادا کرنا تھا تاہم مقررہ وقت میں اداکار
کی جانب سے رقم کی عدم ادائیگی کے بعد کمپنی نے ایک کروڑ روپے 12 فیصد سود کے ساتھ ایک سال میں ادا کرنے کا تقاضا کیا۔اداکار نے اپنے اوپر سے قرض کا بوجھ اتارنے کے لیے کمپنی کو کچھ تاریخ بعد کا چیک دیا جو کہ باؤنس ہو گیا جس کے بعد کمپنی نے اداکار کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔کہا جارہا ہے کہ رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں کمپنی رقم کی واپسی اداکار کی فلموں کی کمائی سے مشروط کرسکتی ہے جبکہ اس تناظر میں اداکار کے لیے یہ بہت ہی مشکل ترین صورتحال ثابت ہوگی۔