کراچی(شوبز ڈیسک)رواں برس اپریل میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ و میزبان صنم بلوچ نے شوہر عبداللہ فرحت سے علیحدگی اختیار کرلی۔یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں، جب اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے نام سے شوہر کا نام نکال دیا تھا۔صنم بلوچ اور ان کے شوہر کے درمیان علیحدگی کی خبریں وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے پبلک ریلیشن مینیجر نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
تاہم اب پہلی بار اداکارہ نے خود شوہر سے علیحدگی اور ان سے اچانک شادی پر کھل کر بات کی ہے۔اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کے چیٹ شو ‘اسپیک یوئر ہرٹ ود ثمینہ پیرزادہ’ میں بات کرتے ہوئے صنم بلوچ نے انکشاف کیا کہ انہیں شادی سے کچھ ہی عرصہ قبل عبداللہ فرحت سے محبت ہوئی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم جب وہ عبداللہ ایک نجی چینل میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے سے ملے تو دونوں میں محبت ہوگئی اور جلد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔صنم بلوچ نے عبداللہ فرحت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین انسان اور اچھا دوست قرار دیا، تاہم مبہم انداز میں انہوں نے ان سے علیحدگی کی بات بھی کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب بھی وہ بہترین دوست ہیں، عبداللہ فرحت جہاں بھی رہیں گے، انہیں یقین ہے، اداکارہ کے لیے اچھا اور بہتر ہی سوچیں گے۔صنم بلوچ کے مطابق وہ بھی عبداللہ فرحت سے متعلق اچھا اور بہتر ہی سوچتی ہیں، اگر وہ کامیاب ہوں گے تو انہیں خوشی ہوگی اور ان کی ناکامی انہیں تکلیف پہنچائے گی۔اداکارہ نے واضح طور پر عبداللہ فرحت سے طلاق کی بات نہیں کی، تاہم انہوں نے ان کا ذکر ماضی کے طور پر کیا، جن سے لگتا ہے کہ ان دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے۔میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا اب بھی وہ بہترین دوست ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے اچھا سوچتے اور کرتے رہیں گے۔صنم بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ’انہیں ایسے مرد پسند ہیں، جو واقعی میں مرد ہوں۔اداکارہ نے وضاحت کی کہ سچا مرد وہ ہوتا ہے، جو جھوٹ نہ بولے، جو اپنی غلطی تسلیم کرے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں انہیں خواتین ہی مرد لگتی ہیں۔