ممبئی (شوبز ڈیسک)شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی ایک بار پھر اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دلیپ کمار کو 2 ہفتے قبل ہی 24 ستمبر کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، انہیں 5 ستمبر کو نمونیا کے باعث ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔یہ پہلا موقع ہے کہ دلیپ کمار کو ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے 2 ہفتے بعد ہی
انہیں واپس ہسپتال داخل کرایا گیا۔دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیا کہ اداکار کو اچانک نمونیا ہونے کے باعث ایک بار پھر ہسپتال داخل کرایا گیا ہے۔لیجنڈ اداکار کو ہسپتال داخل کرائے جانے سے قبل ہی گزشتہ تین دن سے یہ چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ ان کی طبعیت خراب ہوگئی ہے تاہم ان کی اہلیہ سارہ بانو نے ایسی رپورٹس کو مسترد کیا تھا تاہم اب دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیا کہ انہیں نمونیا کے باعث ہسپتال داخل کرادیا گیا اس سے قبل 5 ستمبر کو جب دلیپ کمار کو ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تو انہیں مسلسل انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا۔دلیپ کمار گزشتہ ایک دہائی سے بیمار اور کمزور ہیں، انہیں متعدد بار سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، بخار اور دیگر بیماریوں کے باعث ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے۔علاوہ ازیں بڑھتی عمر کے ساتھ انہیں صحت کے دیگر مسائل بھی ہونے لگے ہیں۔پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔