ممبئی(شوبز ڈیسک) 2018 بولی وڈ اداکاروں کی صحت کے حوالے سے کوئی اچھا سال ثابت نہیں ہوا تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔رواں برس کے آغاز میں ہی یہ خبر سامنے آئی کہ بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان ‘نیورو اینڈو کرائن ٹیومر’ نامی کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے خود بھی اس کی تصدیق کی اور وہ ان دنوں لندن میں علاج کے لیے مقیم ہیں، جہاں سے ان کی طبیعت بہتر ہونے کی خبریں آ رہی ہیں، تاہم تاحال انہوں نے خود اپنی بہتر صحت کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔عرفان خان کے بعد بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی کہ وہ بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔بعد ازاں انہوں نے بھی اس کی تصدیق کی اور علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔سونالی باندرے یہ نہیں بتایا کہ انہیں جسم کے کس حصے میں کینسر ہے، تاہم بتایا کہ انہیں کافی دیر بعد پتہ چلا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔عرفان خان اور سونالی باندرے کے بعد گزشتہ ماہ ستمبر میں اچانک خبر سامنے آئی کہ بولی وڈ ہیرو آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ بھی بریسٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہوں نے سرجری بھی کرالی۔طاہرہ کشیپ نے خود ہی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ کینسر سے ان کا ایک بریسٹ متاثر ہوا، رپورٹس ہیں کہ ان کے ایک بریسٹ کو ہٹایا یا محدود کیا گیا ہے۔تاہم اب بولی وڈ کے چاکیلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے والد 66 سالہ رشی کپور کے حوالے سے خبریں ہیں کہ انہیں بھی کینسر کا مرض لاحق ہوگیا، تاہم ان کے خاندان نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔رشی کپور کے حوالے سے یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں، جب انہوں نے 29 ستمبر کو ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ چھٹیاں لے کر علاج کے غرض سے امریکا جا رہے ہیں۔