ممبئی(شوبز ڈیسک) کرشنا راج کپور کی آخری رسومات میں ان کے بیٹے رشی ، بہو نیتو اور پوتے رنبیر نے شرکت نہیں کی جس کی وجہ سامنے آگئی ہے۔راج کپور کی اہلیہ کرشنا راج کپور گزشتہ روز 88 سال کی عمرمیں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسی تھیں۔ ان کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کی ممتاز شخصیات نے شرکت تاہم ان کے بیٹے رشی کپور ، بہو نیتو اور پوتے رنبیرآخری رسومات میں موجود نہیں تھے جس کی وجہ سامنے آگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشی کپور
علاج کی غرض سے امریکا گئے ہوئے ہیں جہاں ان کی فیملی بھی ان کے ہمراہ ہے،اسی وجہ سے وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کرسکے۔رشی کپور نے کچھ روز قبل ٹوئٹر پر اپنی امریکا روانگی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’وہ علاج کی غرض سے کچھ دنوں کے لیے امریکا جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ میں کپور خاندان وہ واحد خاندان ہے جس کی چوتھی نسل بھی فلمی دنیا کی زینت بنی ہوئی ہے اور یہ خاندان بھارتی فلم انڈسٹری کا سب سے پرانا خاندان مانا جاتا ہے۔