کراچی (شوبز ڈیسک)بولی وڈ کی رومانٹک کامیڈین فلم ‘من مرضیاں’ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکی۔ابھیشیک بچن، تپسی پنو اور وکی کوشل کی فلم سے قبل اداکارہ انوشکا شرما کی ہارر فلم ‘پری’ اور سونم کپور، بھومی پڈنیکر،کرینہ کپور اور کیارا آڈوانی کی فلم ‘ویرے دی ویڈنگ’ کو بھی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔عالیہ بھٹ کی فلم ‘راضی’ پر بھی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔پاکستان کے
فلم سینسر بورڈ ‘سینٹرل بورڈ فلم سرٹیفکیشن’ (سی بی ایف سی) کے چیئرمین دانیال گیلانی نے تصدیق کی کہ ‘من مرضیاں’ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکی۔ دانیال گیلانی نے فلم کو نمائش کی اجازت نہ دیے جانے کا سبب بتائے بغیر تصدیق کی کہ ‘من مرضیاں’ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی۔دانیال گیلانی کا کہنا تھا سینسر بورڈ ارکان کے خیال میں فلم کا مواد سینسر شپ کوڈ کی خلاف ورزی پر مبنی ہے، جس وجہ سے اسے ریلیز کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔