ممبئی (شوبز ڈیسک)بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان جن کی گزشتہ 2 سال سے کوئی خاص فلم سامنے نہیں آئی، وہ جلد ہی ایک اہم فلم میں اپنی 25 سالہ بیٹی کے ساتھ نظر آئیں گے۔سیف علی خان کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلمیں ’شیف اور کلاکندی‘ سمیت دیگر فلمیں بھی باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکیں، جب کہ ان کی اپنی کامیاب فلم سیریز ‘ریس‘ سے بھی چھٹی ہوگئی۔
تاہم حال ہی میں آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز ہونے والی ایکشن ڈرامہ فلم ‘اسکیئرڈ گیمز’ کی کامیابی کے بعد اب انہیں متعدد فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔اطلاعات ہیں کہ سیف علی خان کو جن متعدد منصوبوں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے، ان میں ‘فلمستان’ نامی فلم بھی ہے، جس میں وہ اپنی بیٹی کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔ سیف علی خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں ڈائریکٹر نتن ککر کی فلم ‘فلمستان’ میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔اداکار نے وضاحت کی کہ ابھی اس فلم کے حوالے سے تمام معاملات ابتدائی ہیں، ابھی اس فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فلم کی ٹیم کے ساتھ حتمی مذاکرات نہیں ہوئے۔سیف علی خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا ہے، جس سے وہ بے حد متاثر ہوئے۔دوسری جانب فلم ڈائریکٹر نے بتایا کہ انہوں نے اسی فلم میں کام کرنے کے لیے سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو بھی پیش کش کی ہے، تاہم انہوں نے بھی ابھی کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔فلم کی ٹیم کے مطابق سارہ علی خان نے بھی فلم کے اسکرپٹ کو اچھا قرار دیا۔بتایا جا رہا ہے کہ فلم کی کہانی باپ اور اس کی بیٹی کے تعلقات اور محبت کے گرد گھومتی ہے، ساتھ ہی فلم میں ایک خاص پیغام بھی دیا جائے گا۔حالیہ سالوں میں باپ اور بیٹی کے تعلقات پر متعدد بولی وڈ فلمیں سامنے آئی ہیں، جن میں سنجے دت کی فلم ‘بھومی’ بھی شامل ہے۔علاوہ ازیں آنے والی فلم ‘ایک لڑکی تو دیکھا تو ایسا لگا’ کی کہانی بھی باپ اور بیٹی کے تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا’ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں انیل کپور اپنی بیٹی سونم کپور کے ساتھ حقیقی رشتے کو اسکرین پر نبھاتے نظر آئیں گے۔انیل کپور اور سونم کپور کے بعد اب جلد ہی سیف علی خان اور سارہ علی خان بھی اسکرین پر حقیقی رشتے کو نبھاتے نظر آئیں گے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہیکہ فلم کی شوٹنگ رواں برس کے اختتام سے قبل شروع کردی جائے گی۔