لاہور (این این آئی)گزشتہ ماہ 19 اپریل کو گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرنے کے بعد گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کو آن لائن تضحیک اور دھمکیوں کا سامنا تھا۔مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اپنے اور اہل خانہ کے خلاف نازیبا گفتگو کیے جانے کے بعد جہاں میشا شفیع نے اپنا فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈی ایکٹو کردیا تھا۔
وہیں یہ چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی تھیں کہ وہ پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ میشا شفیع اور ان کے خاندان کو کینیڈین حکومت نے ‘پرمننٹ ریزیڈنٹ‘ (پی آر) کارڈ تک جاری کردیے ہیں، جس کے بعد انہیں آئندہ 9 ماہ کے اندر وہاں کی شہریت بھی دی جائے گی۔ایسی خبروں پر میشا شفیع کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا، مگر اب گلوکارہ نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے ایسی خبروں کو افواہ قرار دیا۔میشا شفیع نے ایک ٹوئیٹ کی جس میں وہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خواتین کے ساتھ موٹر سائیکل پر خوشگوار موڈ میں نظر آئیں۔ساتھ ہی انہوں نے اسی ٹوئیٹ میں بتایا کہ بعض لوگ کہ رہے ہیں کہ میں کینیڈا منتقل ہو رہی ہیں، وہ دیکھ لیں میں لاہور کے اینگرٹن روڈ پر خوبصورت اور بہادر خواتین کے ساتھ موجود ہوں۔