اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے نواز شریف کینسر اسپتال کے لیے ڈاکٹر قیصر بشیر کو ڈین مقرر کردیا ہے،
جنہیں تنخواہ اور مختلف الاؤنسز کی مد میں ماہانہ 90 لاکھ روپے سے زائد معاوضہ دیا جائے گا۔سما ٹی وی کے مطابق محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر قیصر بشیر کو اس عہدے پر تعینات کرنے کے بعد ماہانہ 75 لاکھ روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 5 لاکھ روپے ہاؤس رینٹ اور 10 لاکھ روپے یوٹیلیٹی الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر قیصر بشیر کو ماہانہ 25 ہزار روپے کمیونیکیشن الاؤنس بھی ملے گا، جبکہ امریکا سے لاہور منتقل ہونے کے اخراجات کے لیے انہیں یکمشت 10 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر قیصر بشیر بھاری معاوضے کے ساتھ اسپتال کے ڈین کی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔
ڈاکٹر قیصر بشیر اس سے قبل امریکا کے معروف ایم ڈی اینڈرسن کینسر سینٹر میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے 2001 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کی تھی، جبکہ 2003 میں شوکت خانم کینسر اسپتال میں میڈیکل آفیسر کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں۔



















































