اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بیرون ملک روزگار کی تلاش میں مصروف پاکستانی شہری اب بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے سرکاری آن لائن پورٹل سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
اس پلیٹ فارم پر بیرون ملک دستیاب ملازمتوں کی معلومات کے ساتھ اشتہار میں دی گئی آسامی کی قانونی حیثیت اور منظوری کی تصدیق کی سہولت بھی موجود ہے۔
بیورو کی سرکاری ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر بیرون ملک ملازمتوں سے متعلق تفصیلات جاری کی جاتی ہیں۔ امیدوار ان ذرائع سے لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کردہ مواقع دیکھ سکتے ہیں اور درخواست جمع کرانے سے قبل متعلقہ آسامی کی منظوری کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
امیگریشن رولز 1979 کے مطابق پروٹیکٹر آف امیگرنٹس لائسنس یافتہ بھرتی ایجنسیوں کو مقررہ مدت کے لیے بیرون ملک کارکن بھیجنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ اجازت دینے سے پہلے بیرون ملک آجر کی جانب سے فراہم کردہ ملازمتوں کی طلب اور ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔
ملازمتوں کی طلب کی تصدیق کے لیے متعلقہ ملک میں پاکستانی سفارت خانے، میزبان ملک کی وزارت خارجہ اور پاکستان میں موجود متعلقہ غیر ملکی سفارت خانے کے ذریعے تصدیقی عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ کسی بھی آسامی کے لیے درخواست دینے یا ریکروٹنگ ایجنسی کو رقم ادا کرنے سے پہلے ملازمت کی منظوری اور ایجنسی کے لائسنس کی حیثیت ضرور چیک کریں۔ اس احتیاط سے جعلی ملازمتوں اور ممکنہ مالی دھوکا دہی سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔



















































